ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ٹاون میونسپالٹی اور جالی پٹن پنچایت کے لئے صدر اور نائب صدر کے لئے ریزرویشن کا اعلان؛ کون بنے گا اگلا صدر ؟

بھٹکل ٹاون میونسپالٹی اور جالی پٹن پنچایت کے لئے صدر اور نائب صدر کے لئے ریزرویشن کا اعلان؛ کون بنے گا اگلا صدر ؟

Mon, 05 Aug 2024 20:48:57    S.O. News Service

بھٹکل 5/اگست (ایس او نیوز)  بھٹکل ٹاون میونسپل کونسل (ٹی ایم سی) اور بھٹکل  جالی پٹن پنچایت کے لئے حکومت کرناٹک کی طرف سے   ریزرویشن کا اعلان کیا  گیا  ہے جس کے مطابق  میونسپل صدر کا عہدہ  درج فہرست ذات خاتون یعنی ایس سی ویمن کے لئے اور نائب صدر کا عہدہ پسماندہ طبقات یعنی   بیک ورڈ کلاس اے(بی سی اے) کے لئے ریزرو  ہوگیا  ہے، اسی طرح جالی پٹن پنچایت کے لئے صدر کا عہدہ  جنرل ویمن اور نائب صدرکے عہدہ کے لئے بی سی اے  کو ریزرویشن دیا گیا ہے۔

بتاتے چلیں کہ بھٹکل میونسپالٹی قریب ایک سال تین ماہ سے  بغیرصدر اور نائب صدر کے چل رہی ہے جبکہ جالی پٹن پنچایت کی حالت اس سے بھی زیادہ خراب ہے کیونکہ یہاں قریب   دوسال سات ماہ سے    ریزرویشن نہ ہونے سے نہ صدر کا انتخاب ہوا ہے اور نہ ہی نائب صدر کا انتخاب ہوسکا ہے یہی وجہ ہے  کہ جالی پٹن پنچایت  کی   انتظامیہ  میٹنگ نہ بلائے جانے سے   اس پنچایت کے حدود میں کوئی ڈھنگ کا کام نہیں ہوپارہا ہے۔ 

اب ویسے تو ریزرویشن کا اعلان ہو گیا ہے مگر   پھر ایک بار  سب  سے بڑا مسئلہ یہ  پیدا ہوا ہے کہ بھٹکل میونسپالٹی میں  ایس سی   (شیڈول کاسٹ ) کی کوئی ویمن کونسلر نہیں ہے، یہاں تک  کہ میونسپالٹی میں شیڈول ٹرائب کی بھی کوئی خاتون کونسلر نہیں ہے۔ ایسے میں  یہاں صدر کے لئے ریزرویشن   کو تبدیل کرانا ضروری ہے۔ اس تعلق سے میونسپل چیف آفسر نیل کنٹھ میستا نے بتایا کہ    چونکہ  میونسپالٹی میں کوئی بھی درج فہرست ذات یا قبائل کی کوئی خاتون کونسلر نہیں ہے، اس لئے اس تعلق سے ضلع کی ڈپٹی کمشنر کی توجہ مبذول کرائی جائے گی اور ڈی سی کے ذریعے  حکومت کو  آگاہ کرایا جائے گا اورصدر کے عہدہ کے لئے  ریزرویشن کو تبدیل کرنے کی تجویز روانہ کی جائے گی۔  اب حکومت کی طرف سے نیا ریزرویشن  کب طے ہوکر آئے گا اور اس کے لئے مزید کتنا عرصہ لگے گایہ کہنا  مشکل ہے۔ مگر میونسپل نائب صدر کے لئے  آٹھ سے دس کونسلروں کے درمیان  سخت مقابلہ ہوسکتا ہے اورچونکہ میونسپل کونسل کے  23 وارڈس میں سے 21وارڈس کے کونسلر س قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم  کی حمایت سے منتخب ہوکر آئے ہیں، اس بناء پر تنظیم  کے کونسلروں کے درمیان  ابھی سے دوڑ دھوپ شروع ہوچکی ہے۔یہ تقریباً طئے  مانا جاسکتا ہے کہ  نائب صدر کے عہدہ کے لئے تنظیم کافیصلہ ہی حتمی ہوگا۔

جالی پٹن پنچایت کے انتخابات  غالباً ڈسمبر 2021 میں ہوئے تھے، لیکن اتنا لمبا عرصہ گذرنے کے باوجود یہاں ابھی تک انتظامی بوڈی تشکیل میں نہیں آئی ہے، اب جبکہ دوسال اور قریب سات ماہ بعد  صدر اور نائب صدر کے لئے ریزرویشن کا اعلان  ہوا  ہے، صدر کے عہدہ کے لئے جنرل ویمن  میں تین سے چار خواتین کونسلروں کے درمیان مقابلہ ہوسکتا ہے، جبکہ نائب صدر کے عہدہ کے لئے یہاں آٹھ سے دس کونسلرس میدان میں اُترسکتے ہیں۔  جالی پٹن پنچایت میں بھی  تنظیم کی حمایت سے ہی جیت درج کرنے والے کونسلروں کی تعداد زیادہ ہے،   اس بناء پر یہاں بھی تنظیم  کا فیصلہ ہی  حتمی ہوسکتا ہے۔

بتاتے چلیں کہ  صرف بھٹکل ہی نہیں ریاست کرناٹک کے مختلف حصوں میں صدر اور نائب صدر کے عہدوں کے لئے ریزرویشن کا اعلان نہ کئے جانے سے  پنچایت اور میونسپالٹی   کی  انتظامیہ  ٹھپ پڑی تھی، اب ریزرویشن کا اعلان ہوا ہے تو بھٹکل سمیت کئی علاقوں میں اس میں بھی اختلافات پائے جارہے ہیں۔ بھٹکل جالی پٹن پنچایت کے تعلق سے کہا جارہا ہے کہ اس سے قبل بھی یہاں صدر کا عہدہ جنرل ویمن کے لئے ریزرو ہوا تھا، اس بار پھر جنرل ویمن کو ہی ریزرویشن دیا گیا ہے۔ 

کہا گیا ہے کہ ریزرویشن کو لے کر کسی کو کوئی اعتراض ہو تو پندرہ دن کے اندر اپنا اعتراض درج کراسکتے ہیں۔   ریزرویشن کو لے کر ایک طرف بھٹکل میونسپالٹی  تو دوسری طرف جالی پٹن پنچایت دونوں طرف  سے اعتراضات درج کرائے جانے کے امکانات  ہیں، ایسے میں مزید کتنے ماہ تک صدارتی عہدہ  معلق رہے گا، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔


Share: